جدوجہد کا پیریڈ کافی طویل تھا، کوشش جاری رکھی اور کر کے دکھایا: بابر اعظم

11-15-2025

(لاہور نیوز) سٹار قومی کرکٹر بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں سنچری سکور کرنے کے بعد کہا کہ ان کیلئے یہ کامیابی بہت اہم ہے کیونکہ یہ ایک طویل جدوجہد کے بعد حاصل ہوئی۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ فینز  نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا، وہی مجھے حوصلہ دیتے ہیں، گزشتہ سیریز میں آغاز اچھا تھا، لیکن بدقسمتی سے اس وقت اچھا پرفارم نہیں کر سکا، جب اننگز کی شروعات ہوئی تو میرا مقصد تھا کہ فخر کے ساتھ مل کر بہترین کھیلوں اور کامیابی حاصل کروں۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود وہ خود کو سنبھالنے میں کامیاب رہے اور میدان میں واپس آ کر بہترین کھیل پیش کیا، جب بھی سنچری بناتا ہوں، تو ایک نیا حوصلہ ملتا ہے، لیکن جب پرفارم نہیں کر رہا ہوتا تو مختلف خیالات ذہن میں آتے ہیں، تاہم، ہر کسی نے میرا حوصلہ بڑھایا اور جب اللہ چاہے تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ بابر اعظم  نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹف ٹائم کے دوران انہوں  نے اپنی فٹنس کو بہتر کیا اور ہر روز اپنے پلان پر عمل کیا، مشکل وقت آتا ہے تو اپنے آپ پر اعتماد رکھنا بہت ضروری ہے، سب کچھ بہتر ہو جاتا ہے، شاہد اسلم اور منصور رانا کی مدد سے میں  نے اپنی فٹنس پر کام کیا، جو میرے لئے بہت مددگار ثابت ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرفارم نہ کرنے پر ہونے والی تنقید کو نظرانداز کر کے خود کو بہتری کیلئے متحرک رکھا، سب کھلاڑیوں نے ساتھ دیا، ان کا بیک کرنا میرے لئے بوسٹر تھا اور فینز  نے بھی کبھی میرا ساتھ نہیں چھوڑا، میرا کام کرکٹ کھیلنا اور گراؤنڈ میں پرفارم کرنا ہے، جواب دینا میرا کام نہیں۔