صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی شدید، اوسط شرح 257 ریکارڈ

11-14-2025

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے اور مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس انتہائی تشویشناک سطح پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مجموعی طور پر لاہور کا پاکستان میں آلودگی کے اعتبار سے چوتھا نمبر ہے، جبکہ شہر میں سموگ کی اوسط شرح مختلف اوقات میں 257 سے بڑھ کر 445 تک پہنچ گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق شہر کے کئی علاقوں میں آلودگی کی سطح نہایت خطرناک زون میں داخل ہو چکی ہے، سید مراتب علی روڈ اس وقت سب سے زیادہ آلودہ علاقہ قرار دیا جا رہا ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس پہلے 742 اور بعد ازاں بڑھ کر 804 تک ریکارڈ کیا گیا، جو صحت کیلئے انتہائی مضر ہے۔ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں بھی آلودگی کی سطح تشویشناک رہی، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس پہلے 569 اور پھر 643 تک جا پہنچا، پنجاب یونیورسٹی کے اطراف میں بھی ایئر کوالٹی انڈیکس 468 ریکارڈ ہوا، جبکہ ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں یہ شرح پہلے 471 اور بعد میں 541 تک جا پہنچی۔ شہر  کے ایک اور اہم علاقے شادمان میں آلودگی کی سطح 637 تک پہنچ گئی، جس کے باعث شہریوں کو سانس، آنکھوں اور گلے کی بیماریوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے، غیر ضروری باہر آنے جانے سے گریز کرنے اور گھروں میں ایئر پیوریفائر کا استعمال بڑھانے کی ہدایت کی ہے، ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ فصلوں کی باقیات جلانے، ٹریفک کے دباؤ اور صنعتی اخراج کے باعث شہر کی فضا بدترین آلودگی کا شکار ہو رہی ہے۔