شہریوں کے گھروں کو گروی رکھوا کر لاکھوں ہتھیانے والا گینگ گرفتار

11-13-2025

(لاہور نیوز) کاہنہ میں شہریوں کے گھروں کو گروی رکھوا کر لاکھوں روپے ہتھیانے والے گینگ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن انویسٹی گیشن ڈاکٹر ایاز حسین  نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار افراد میں گینگ کا سرغنہ اور اس کا ساتھی شامل ہیں، جنہوں  نے پراپرٹی ڈیلر کے آفس کے نام پر جعلسازی کا دھندا شروع کر رکھا تھا۔ ڈاکٹر ایاز حسین کے مطابق ملزمان شریف شہریوں کو کرائے کے مکانات دلوانے کے بہانے اپنے جال میں پھنساتے اور بعد ازاں انہی گھروں کو جعلی دستاویزات کے ذریعے گروی رکھوا کر لاکھوں روپے ہتھیا لیتے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف اس نوعیت کے درجنوں مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں، گینگ کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران پولیس  نے گروی رکھوا کر حاصل کی گئی 50 لاکھ روپے کی رقم اور لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون برآمد کر لئے جو ایس پی انویسٹی گیشن  نے مدعی مقدمات کے حوالے کر دیئے۔ مدعی مقدمات  نے برآمد شدہ رقم واپس ملنے پر ڈاکٹر ایاز حسین اور پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا، ایس پی انویسٹی گیشن  نے کہا کہ شہریوں کو چاہئے کہ پراپرٹی کے معاملات میں قانونی دستاویزات کی تصدیق ضرور کروائیں تاکہ ایسے جعلساز گروہوں سے بچا جا سکے۔