ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کی سستی، ہزاروں اساتذہ ایل پی آر سے محروم

11-13-2025

(لاہور نیوز) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کی مبینہ سستی اور انتظامی غفلت کے باعث ریٹائرمنٹ کے قریب اساتذہ ایل پی آر لینے سے محروم رہ گئے ہیں۔

پنجاب ٹیچرز یونین  نے اس سنگین مسئلے کے حل کیلئے سیکرٹری ایجوکیشن کو باضابطہ درخواست جمع کروا دی ہے۔ جنرل سیکرٹری پنجاب ٹیچرز یونین رانا لیاقت علی کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز اساتذہ کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواستوں کو منظور کرنے کے باوجود فنانس ڈیپارٹمنٹ کو فارورڈ نہیں کر رہیں، جس کے باعث اساتذہ اپنے حق سے محروم ہیں۔ رانا لیاقت علی  نے مطالبہ کیا کہ ایچ آر ایم ایس پر موصول درخواستوں کو فوری طور پر محکمہ خزانہ کو بھجوایا جائے تاکہ اساتذہ کو ان کی ریٹائرمنٹ سے قبل آرام اور مالی تیاری کیلئے دیا جانے والا وقت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر احکامات پر بروقت عمل درآمد کیا گیا تو ہزاروں اساتذہ ایل پی آر پر جا سکیں گے، جس سے نہ صرف ان کی سہولت میں اضافہ ہو گا بلکہ تعلیمی اداروں میں انتظامی شفافیت بھی بڑھے گی۔