بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات اختتامی مراحل میں داخل
11-12-2025
(لاہور نیوز) بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات لاہور اور ننکانہ صاحب سمیت ملک بھر میں اختتامی مراحل میں داخل ہو گئیں۔
ترجمان کے مطابق بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں کا پاکستان کا 10 روزہ مذہبی دورہ مکمل ہو گیا، سکھ یاتری کل (13 نومبر) کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہوں گے۔ اختتامی روز لاہور میں سکھ یاتریوں کے اعزاز میں رنگا رنگ کلچرل شو کا اہتمام کیا گیا، جس میں نامور گلوکار عارف لوہار نے اپنے مشہور گانوں سے سماں باندھ دیا، عارف لوہار کے گیتوں پر سکھ یاتری جھوم اٹھے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، مگر پاکستان میں سکھ یاتریوں کو ملنے والی محبت اور مہمان نوازی نے اس پروپیگنڈے کو مکمل طور پر رد کر دیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کہا کہ پاکستان نے آج تک کسی بھی سکھ یاتری کا ویزا مسترد نہیں کیا، متروکہ وقف املاک بورڈ اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور مقدس مقامات کے تحفظ اور بحالی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ سکھ یاتریوں نے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہمیں اپنے گھر جیسا پیار اور سکون ملا، ایک بھارتی یاتری نے کہا کہ پاکستانی عوام کی محبت، خلوص اور احترام نے ہمارے دل جیت لئے۔