ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں، معروف کیفے کا ریکارڈ ضبط
11-12-2025
(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں صوبے بھر میں جاری ہیں۔
لاہور، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں معروف فاسٹ فوڈ اور کیفے چینز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ٹیکس ادائیگی میں خرد برد کے الزام پر ریکارڈ ضبط کر لیا گیا۔ ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق گوجرانوالہ، رحیم یار خان اور بہاولپور میں بھی متعدد ریسٹورنٹس اور مارکیز کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی، انفورسمنٹ آفیسرز نے کارروائی کے دوران چار مارکیز، پانچ کیفے اور چھ ریسٹورنٹس کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ ترجمان کے مطابق صارفین سے ٹیکس وصول کرنے کے باوجود سرکاری خزانے میں جمع نہ کروانے والوں پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے، صوبہ بھر میں ٹیکس نادہندگان سے ریکوری کے لئے خصوصی انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، گزشتہ سال کی نسبت رواں مالی سال کے آغاز سے ہی ٹیکس ریونیو کلیکشن میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتِ پنجاب نے رواں مالی سال میں کسی نئے ٹیکس کا نفاذ یا موجودہ ٹیکسوں میں اضافہ نہیں کیا۔