مسلح افراد کا ایئرپورٹ لیسکو سب ڈویژن کے دفتر پر حملہ، دو اہلکار زخمی

11-12-2025

(لاہور نیوز) لاہور میں ایئرپورٹ لیسکو سب ڈویژن کے دفتر پر مسلح افراد کے حملے میں دو ملازمین شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے بعد پیش آیا، لیسکو اہلکاروں نے گوہاوا ٹبہ کے علاقے میں بجلی چوری کی شکایت پر کارروائی کی تھی، جس کے بعد آٹھ نامعلوم افراد  نے لیسکو کے ایئرپورٹ سب ڈویژن دفتر پر دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں  نے سرکاری گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے، دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے میں لائن مین فاروق اور اے ایل ایم عرفان شدید زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس  نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ جنوبی چھاؤنی میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش کی جا رہی ہے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔