انسانی سمگلنگ ،کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث خاتون سمیت 6 ملزم گرفتار

11-11-2025

(لاہور نیوز) ایف آئی اے لاہور زون نے کارروائیوں کے دوران انسانی سمگلنگ اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث خاتون سمیت 6 ملزموں کو گرفتار کرلیا۔

چھاپہ مار کارروائیاں انسداد انسانی سمگلنگ سرکل اور کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے کیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد خُبیب، محمد شفیق،آفتاب الرحمان ،سعید خان اور محمد رضا شامل ہیں، جنہیں مختلف چھاپہ مار کارروائیوں میں لاہور اور اوکاڑہ سے گرفتار کیا گیا۔ انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ملزمہ کی شناخت سفینہ نثار کے نام سے ہوئی ہے، ملزمہ کو چھاپہ مار کارروائی میں لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمہ نے اپنے شوہر میاں نثار کی ملی بھگت سے شہری کو کینیڈا ملازمت کا جھانسہ دے کر 45 لاکھ روپے بٹورے، ملزمہ کے قبضہ سے جعلی سٹیمپس ، شہریوں کے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ملزمہ بھاری رقم وصول کر کے روپوش ہو گئی تھی، ملزمہ کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم میاں نثار کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزمان سعید خان اور محمد رضا کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے، ملزمان سے بھاری تعداد میں مختلف معروف رجسٹرڈ کمپنیز کی جعلی پروڈکٹس برآمد ہوئیں۔ ملزمان رجسٹرڈ کمپنیز کی جعلی پروڈکٹس بنانے اور فروخت کرنے میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تمام ملزموں کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ۔