کاپ 30 کانفرس: مریم نواز کا نیوزی لینڈ کی سابق وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کے ہمراہ 'پاکستان پویلین' کا افتتاح

11-11-2025

(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نیوزی لینڈ کی سابق وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کے ہمراہ کاپ 30 کانفرس کے موقع پر 'پاکستان پویلین' کا افتتاح کیا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے کاپ 30 کانفرس کے موقع پر 'پاکستان پویلین' قائم کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے جیسنڈا آرڈرن کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر 'پاکستان پویلین' کا افتتاح کیا۔ جیسنڈا آرڈرن کو کاپ 30 کانفرس میں پیسیفک ممالک کے لئے خصوصی نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔ جیسنڈا آرڈرن نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ہمراہ پنجاب حکومت کے ماحولیاتی بہتری کے اقدامات پر ڈاکومینٹری بھی دیکھی۔ جیسنڈا آرڈرن نے پنجاب حکومت کے ماحول دوست اقدامات اور آلودگی کے خاتمے کے لیے کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور نیوزی لینڈ کی سابق وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنی حکومت کی حکمت عملی پر نیوزی لینڈ کی سابق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ جیسنڈا آرڈرن نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مختصر وقت میں ماحولیاتی بہتری کے لیے جراتمندانہ اقدامات کیے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے جیسنڈا آرڈرن کے بطور وزیر اعظم نیوزی لینڈ کے عوام کی خدمت کو خراج تحسین پیش کیا۔ پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء رانا سکندر اور ذیشان رفیق بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔