پنجاب بھر میں اساتذہ پریشان ، کنوینس الاؤنس واپس جمع کروانے کا حکم
11-11-2025
(ویب ڈیسک)اساتذہ کو کورونا کی چھٹیوں میں ملنے والا کنوینس الاؤنس واپس جمع کرانے کا حکم دے دیا گیا، پنجاب بھر کے لاکھوں اساتذہ پریشان ہوگئے۔
ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے تمام سکول سربراہان کو ہدایات جاری کر دیں،سکول سربراہوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اساتذہ سے فوری کنوینس الاؤنس لیکر واپس جمع کروائیں۔ احکامات پرعملدرآمد نہ کرنے والے سکول سربراہان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کورونا کی چھٹیوں میں اساتذہ کو کنوینس الاؤنس ملتا رہا ۔ محکمہ خزانہ نے چھٹیوں میں اساتذہ کی تنخواہ سے کنوینس الاؤنس نہیں کاٹا تھا۔ ملنے والا کنوینس الاؤنس ہر صورت واپس کرنا ہوگا۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ ادا شدہ کنوینس الاؤنس واپس لینا ناانصافی ہے،فیصلے پر نظر ثانی کی جائے ،کم از کم چار برس پرانے کنوینس الاؤنس کو واپس لینا اساتذہ پر معاشی دباؤ بنے گا، مہنگائی کے دور میں اساتذہ سے کنوینس الاؤنس واپس لینا ظلم ہے۔