جمعۃ المبارک پر سکیورٹی ہائی الرٹ، سنیپ چیکنگ اور عارضی ناکے قائم
11-07-2025
(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے جمعۃ المبارک کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔
اس دوران داخلی اور خارجی راستوں پر سنیپ چیکنگ اور عارضی ناکے قائم کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کو فوری طور پر روکا جا سکے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق اس وقت شہر بھر میں مشکوک افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ جاری ہے، رواں سال اب تک سنیپ چیکنگ اور ناکہ جات پر ایک لاکھ 93 ہزار سے زائد گاڑیاں اور 9 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلیں چیک کی جا چکی ہیں، پولیس کی جانب سے یہ اقدام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔ چیکنگ کے دوران پولیس نے بغیر کاغذات والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 7 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں بند کروا لی ہیں، اس کے علاوہ 489 اپلائیڈ فار، 134 غیر نمونہ نمبر پلیٹس اور 20 گاڑیاں بھی تھانوں میں بند کروائی گئیں، یہ تمام کارروائیاں شہر میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے کی گئی ہیں۔ سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو ٹیمیں مساجد اور عبادت گاہوں کے اطراف میں موثر پٹرولنگ کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کی عبادت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے اور وہ محفوظ طریقے سے عبادات ادا کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی چیکنگ کے دوران گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور مشتبہ افراد کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے، پولیس کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے چوری شدہ، ٹمپرڈ یا جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنے کی سہولت حاصل ہے۔