صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات کا رنگ روڈ کا دورہ، بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا

11-07-2025

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے لاہور رنگ روڈ کا رات گئے اچانک دورہ کیا اور رنگ روڈ کی بحالی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس دورے کا مقصد لاہور رنگ روڈ کی حفاظت، خوبصورتی اور جدیدیت کو یقینی بنانا تھا تاکہ شہریوں کو ایک محفوظ اور آرام دہ سفر کی سہولت مل سکے۔ صوبائی وزیر  نے رنگ روڈ کی بحالی کے مختلف منصوبوں کا بغور معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو اس حوالے سے ضروری ہدایات دیں، اس دوران رنگ روڈ کے خراب حصوں پر اسفالٹ کا کام رات گئے بھی جاری تھا، انہوں  نے اس بات پر زور دیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ صوبائی وزیر  نے لاہور رنگ روڈ پر ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب اور بیوٹیفکیشن کے کاموں کا بھی جائزہ لیا، انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کی خوبصورتی کو بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف اس کی ظاہری حالت بہتر ہو گی بلکہ عوام کیلئے رات کے اوقات میں بھی محفوظ سفر ممکن ہو سکے گا۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا کہ لاہور رنگ روڈ پر سیفٹی ورک اور دیگر ترقیاتی کاموں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، ان منصوبوں میں ڈیجیٹل ٹال پلازہ، ای چلان اور ایکسل کنٹرول کے نظام کو فعال کیا گیا ہے، اس کے علاوہ لاہور رنگ روڈ پر ماڈرن کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام پر بھی کام جاری ہے جس سے روڈ کی مانیٹرنگ اور سیفٹی کو بہتر بنایا جا سکے گا۔ صوبائی وزیر  نے کہا کہ رنگ روڈ کے ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو ایک محفوظ، آسان اور خوبصورت سفر فراہم کرنا ہے، لاہور رنگ روڈ کو جدید معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے صوبائی حکومت تمام وسائل فراہم کر رہی ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد شہر کے رہائشیوں کو بہترین سفری تجربہ حاصل ہو گا۔