رائیونڈ تبلیغی اجتماع کیلئے سکیورٹی پلان، 3800 سے زائد اہلکار تعینات
11-06-2025
(لاہور نیوز) رائیونڈ میں ہونے والے تبلیغی اجتماع کیلئے لاہور پولیس نے جامع سکیورٹی پلان تیار کر لیا جس کے تحت 3800 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
یہ اجتماع 6 سے 9 نومبر تک جاری رہے گا اور اس دوران شرکا کی مکمل حفاظت اور اجتماع کی سکیورٹی کے لئے پولیس نے بھرپور انتظامات کئے ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق اجتماع کی سکیورٹی کیلئے پولیس کے تین سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ، دس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، 41 اسٹیشن ہاؤس آفیسرز اور 252 اَپر سبارڈینیٹس ڈیوٹی پر مامور ہیں، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے 1000 سے زائد ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ شرکا کی سہولت کیلئے 14 مختلف مقامات پر پولیس کیمپس قائم کئے گئے ہیں، اجتماع کے پنڈال میں 3 داخلی راستے، 20 ناکے اور 40 واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے ہیں، تاکہ شرکا کی آمد و رفت کو محفوظ اور منظم بنایا جا سکے۔ اجتماع کے دوران سکیورٹی کی موثر نگرانی کیلئے 128 سی سی ٹی وی کیمروں سے پنڈال کے اطراف میں مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ اے سی رائے ونڈ آفس میں سکیورٹی مانیٹرنگ کیلئے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں پولیس کی نگرانی جاری رہے گی۔ سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ تمام افسران اور جوان الرٹ رہیں اور مشکوک افراد یا سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں، انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ شرکا کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے تاکہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کو روکا جا سکے۔ سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ سپروائزری افسران کو منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے اجتماع کی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔ سی سی پی او لاہور نے شرکا سے اپیل کی کہ وہ چیکنگ پوائنٹس پر تعینات پولیس عملے سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا اشیا کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں، داخلی اور خارجی سکیورٹی پوائنٹس پر تعینات جوانوں کو خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔