سموگ میں اضافہ کرنے والی انڈسٹریز کے خلاف کارروائی کیلئے کمیٹی تشکیل

11-06-2025

(ویب ڈیسک) ضلعی انتظامیہ نے سموگ میں اضافے کا سبب بننے والی انڈسٹریز کے خلاف مؤثر کارروائی کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

یہ کمیٹی لاہور شہر میں فضائی آلودگی کے بڑھتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کرے گی۔ کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، مدثر نواز کریں گے، جبکہ کمیٹی میں ڈائریکٹر ماحولیات (ای پی اے)، ڈائریکٹر لیبر ڈیپارٹمنٹ اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز بھی شامل ہوں گے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ  نے بتایا کہ کمیٹی لاہور میں صنعتی یونٹس کا تفصیلی معائنہ کرے گی، خاص طور پر ان انڈسٹریز کا جو بوائلرز اور فرنسز کے استعمال کی وجہ سے فضائی آلودگی کا سبب بن رہی ہیں، ان یونٹس کی شناخت کرکے ان پر فوری اقدامات کئے جائیں گے تاکہ سموگ کی شدت کو کم کیا جا سکے۔ کمیٹی کے ممبران کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقے کی انڈسٹریز کا جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ انڈسٹریز ماحول دوست طریقوں کو اختیار کریں، خاص طور پر وہ صنعتی یونٹس جو بوائلرز اور فرنسز استعمال کرتے ہیں، انہیں چیک کیا جائے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ فضائی آلودگی کے قوانین کی خلاف ورزی نہیں کر رہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سموگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور ماحول کو نقصان پہنچانے والے یونٹس کی نشاندہی کے بعد فوری طور پر ان کی بندش کو یقینی بنایا جائے گا۔