سموگ سیزن میں طلباء کے تحفظ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت
11-05-2025
(لاہور نیوز) سموگ سیزن کے دوران طلبہ کے تحفظ کیلئے محکمہ تعلیم پنجاب نے اہم اقدامات کرتے ہوئے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سموگ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
محکمہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں طلبہ کے لیے ماسک کے استعمال، زیادہ پانی پینے اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں میں کمی پر زور دیا گیا ہے، سموگ کے دنوں میں سمبلی، کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کو معطل رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ تمام کلاس رومز کو صاف اور ہوا دار رکھنے، مگر کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے کا کہا گیا ہے جبکہ سکول احاطے میں کوڑا کرکٹ یا فضلہ جلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ نے سکول ہیڈز کو طلبہ کے ہیلتھ ریکارڈز برقرار رکھنے، ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز کے ساتھ رابطہ رکھنے اور فوری طبی امداد کا نظام قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، اس کے علاوہ، اسکولوں کو ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) روزانہ مانیٹر کرنے اور سموگ سے متعلق آگاہی مہمات کی رپورٹس اور تصاویر محکمہ تعلیم کو بھجوانے کی تاکید کی گئی ہے۔