کمپریسر استعمال کرنے والے گیس صارفین کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

11-05-2025

(لاہور نیوز) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے کمپریسر استعمال کرنے والے صارفین کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

اس مقصد کیلئے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھریلو صارفین کے کنکشنز کی نگرانی کریں گی۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں کمپریسر استعمال کرنے والے صارفین کے گیس کنکشنز 15 روز کیلئے منقطع کر دیئے جائیں گے، بعد ازاں، صارف حلف نامہ جمع کروانے کے بعد ہی اپنا کنکشن بحال کروا سکیں گے۔ حکام  نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی صارف وارننگ کے باوجود دوبارہ کمپریسر استعمال کرتے پکڑا گیا تو اس کا گیس میٹر تین ماہ کیلئے اتار دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق موسم میں تبدیلی کے باعث گیس کے استعمال میں اضافہ ہو گیا ہے جس سے بعض علاقوں میں پریشر کم ہونے کی شکایات بڑھ رہی ہیں، تاہم، کمپریسر کے استعمال سے نہ صرف حادثات کے خطرات بڑھ جاتے ہیں بلکہ دیگر گھروں میں گیس کی فراہمی بھی متاثر ہوتی ہے۔ سوئی ناردرن حکام  نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کمپریسر کے بجائے پریشر میں کمی کی شکایت متعلقہ دفتر یا ہیلپ لائن پر درج کروائیں تاکہ گیس کی محفوظ، منصفانہ اور مؤثر فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔