اساتذہ کا احتجاجی دھرنا ختم، حکومت نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرا دی
11-05-2025
(ویب ڈیسک) پنجاب کے اساتذہ کے احتجاجی دھرنے کے خاتمے کے بعد صوبائی وزیرِ لیبر منشاء اللہ بٹ نے سول سیکرٹریٹ میں اساتذہ و ملازمین کے نمائندگان سے اہم مذاکرات کئے۔
یہ مذاکرات وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر منعقد ہوئے، اس موقع پر صوبائی وزیر نے اساتذہ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جس کے بعد اساتذہ نے اپنا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت ہمیشہ ملازمین کے مسائل کو اہمیت دیتی ہے اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، انہوں نے مزید بتایا کہ اساتذہ کے نمائندگان ان کے دفتر میں ملاقات کریں گے تاکہ تفصیلی معاملات پر بات چیت کی جا سکے۔ اساتذہ نے صوبائی وزیر کی آمد پر ان کا خیرمقدم کیا اور حکومت کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے مطالبات جلد از جلد پورے کئے جائیں گے۔