رواں سال سموگ کی شدت میں واضح کمی دیکھی گئی ہے: عظمیٰ بخاری

11-04-2025

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ رواں سال سموگ کی شدت میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔

صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایک سال کے دوران 90 کے قریب منصوبے شروع کئے جو عوامی خدمت کے عملی ثبوت ہیں، پنجاب حکومت تباہ کن سیلاب کی آزمائش میں بھی سرخرو ہوئی اور وزیراعلیٰ مریم نواز  نے اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا، سیاسی مخالفین بھی مریم نواز کی کارکردگی کے معترف ہیں کیونکہ وہ صرف دعوے نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب کا پیسہ امانت سمجھ کر استعمال کیا جاتا ہے اور تمام سرکاری افسران کی تقرریاں میرٹ پر ہوتی ہیں، کارکردگی کی بنیاد پر افسران کے تبادلے کئے جاتے ہیں تاکہ بہتر گورننس کو فروغ دیا جا سکے۔ عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب حکومت کے بیشتر منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں جن میں وزیراعلیٰ مریم نواز کا فلیگ شپ پروگرام "ستھرا پنجاب" بھی شامل ہے، الیکٹرک بسوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرا مرحلہ 19 نومبر سے شروع ہو گا جس کے بعد یہ بسیں دیگر اضلاع میں بھی چلیں گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب حکومت نے انسدادِ سموگ کیلئے مؤثر اقدامات کئے اور رواں سال سموگ کی شدت میں واضح کمی دیکھی گئی ہے، پنجاب حکومت کا کوئی منصوبہ فائلوں کی نذر نہیں ہوتا جبکہ ماضی کے 50 لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کے وعدے محض دعوے ثابت ہوئے۔