وزیراعلیٰ پنجاب کا بابا گورونانک کی جنم دن تقریبات کیلئے آنیوالے سکھ یاتریوں کا خیر مقدم

11-04-2025

(لاہورنیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گورونانک دیوجی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کا پُرتپاک خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سکھ مہمانوں کی آمد خوشی اور مذہبی ہم آہنگی کی علامت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں اور فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ اپنی مذہبی رسومات سکون اور اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ سکھ یاتری ہمارے معزز مہمان ہیں اور پنجاب کی مہمان نوازی کا دنیا بھر میں چرچا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سکھ مہمان اپنے قیام کے دوران محبت، عزت اور خوشگوار یادوں کے ساتھ واپس جائیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کا ماحول پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، جو ہماری سماجی اور ثقافتی پہچان ہے۔