شاہدرہ: تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے پولیس کانسٹیبل زخمی

11-04-2025

(لاہور نیوز) شاہدرہ میں تیز رفتار ٹرک نے پولیس اہلکار کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق حادثہ تھانہ شاہدرہ کی حدود میں کچہری کے سامنے شاہدرہ پل کے قریب پیش آیا جہاں پولیس  نے ناکہ لگا رکھا تھا۔ اسی دوران ایک تیز رفتار ٹرک نے ناکے پر کھڑے پولیس کانسٹیبل حامد (عمر 27 سال) کو زور دار ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق کانسٹیبل حامد تھانہ شاہدرہ میں تعینات تھا اور معمول کی چیکنگ پر مامور تھا۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جبکہ زخمی اہلکار کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس  نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے اور مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔