مصری شاہ میں پولیو ٹیم پر حملے کا نوٹس، 7 افراد گرفتار

11-04-2025

(ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے مصری شاہ میں پولیو ٹیم پر 20 سے 25 مرد و خواتین کے ایک گروہ نے حملہ کر دیا، واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیو ٹیم مقامی سکول میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پہنچی تھی۔

وزیر اعلی مریم نواز  نے  سکول میں پولیو ٹیم سے بدسلوکی کا نوٹس لے لیا، وزیر اعلی  نے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کر لی اور پولیو ٹیم کا تحفظ یقینی بنانے کا حکم دیا ۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر  نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ ورکرز موسم کی شدت کی پرواہ کئے بغیر اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، کسی شرپسند کو ان کی عزت نفس مجروح نہیں کرنے دیں گے، حکومت ہیلتھ ورکرز کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، ہمیں ان ورکرز کا شکر گزار ہونا چاہئے جو ہمارے بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچانے کیلئے دن رات فیلڈ میں مصروف ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ٹیم موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کئے، مقدمہ نامعلوم ملزموں کے خلاف سی ای او ہیلتھ کی مدعیت میں درج کیا گیا اور کارروائی کرتے ہوئے سات افراد کو حراست میں  لے لیا گیا، ایس پی سٹی کے مطابق تحقیقات جاری ہیں۔