صدر ایشین فٹ بال کنفیڈریشن شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ پاکستان کا دورہ کرینگے
11-04-2025
(لاہور نیوز) ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے صدر اور فیفا کے سینئر نائب صدر، بحرین کے شاہی خاندان کے معزز رکن شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ، 4 تا 7 نومبر 2025 تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کو اس دورے کے دوران ’اسٹیٹ گیسٹ‘ کا درجہ دیا گیا ہے،ان کے ہمراہ اے ایف سی کے اعلیٰ عہدیداران اور دیگر بین الاقوامی کھیلوں کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔ دورے کے دوران شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کی ملاقاتیں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے متوقع ہیں، ان ملاقاتوں میں فٹ بال کے شعبے میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع میں فروغ و توسیع، اور پاکستان میں سپورٹس ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناء کا کہنا تھا کہ ہم دل کی گہرائیوں سے ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے صدر، فیفا کے سینئر نائب صدر اور بحرین کے شاہی خاندان کے معزز رکن جناب شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ یہ تاریخی دورہ پاکستان میں فٹ بال کے نئے دور کی بنیاد رکھے گا۔