حفاظتی اقدامات کی عدم دستیابی، ریلوے شیڈ کا ملازم دورانِ ڈیوٹی جاں بحق
11-03-2025
(لاہور نیوز) ریلوے انجن شیڈ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں حفاظتی اقدامات کی عدم دستیابی کے باعث سعید نامی ریلوے ملازم دورانِ ڈیوٹی جاں بحق ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق سعید اولڈ شیڈ میں این ایل سی کے انجنوں پر شینٹنگ کے دوران کام کر رہا تھا کہ گزشتہ رات تقریباً 2 بجے وہ دو انجنوں کے درمیان دب کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ انجن شیڈ کے ملازمین نے انکشاف کیا کہ نائٹ شفٹ میں نہ تو مناسب لائٹنگ کا بندوبست ہے اور نہ ہی حفاظتی انتظامات، ریلوے ورکرز رات کے اندھیرے میں موبائل فون کی ٹارچ کے ذریعے کام کرنے پر مجبور ہیں، جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے، ریلوے انتظامیہ کو متعدد بار حفاظتی اقدامات سے متعلق شکایات کی گئیں مگر کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والا ملازم سعید گھر کا واحد کفیل تھا، پسماندگان میں بیوہ اور تین کمسن بیٹیاں شامل ہیں۔