وزیراعظم کی قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز جیتنے پر مبارکباد

11-02-2025

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گرین شرٹس نے شاندار کھیل پیش کیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی، پوری قوم ٹیم کی کامیابی پر خوش ہے، ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ٹیم کی زبردست کاوشوں کی بھی تعریف کی ہے۔ اس کے علاوہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ کھلاڑیوں نے آخری و تیسرے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے فتح حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی بیٹنگ اور شاہین شاہ آفریدی کی باؤلنگ نے جیت میں اہم کردار ادا کیا، آج کی فتح ٹیم ورک، محنت اور پروفیشنل اپروچ کا نتیجہ ہے، شائقین کرکٹ بہترین ماحول میں ہر میچ سے محظوظ ہوئے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی 20 میچ میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی، بابر اعظم کو پلیئر آف دی میچ جبکہ فہیم اشرف کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔