وزیراعلیٰ پنجاب دھی رانی پروگرام، 9 ماہ میں 4857 اجتماعی شادیاں
11-02-2025
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے تاریخی فلاحی ویژن دھی رانی پروگرام کے تحت صوبے بھر میں ریکارڈ اجتماعی شادیوں کا انعقاد کیا گیا۔
صرف 9 ماہ کے قلیل عرصے میں 66 پروقار تقریبات کے ذریعے 4857 مستحق جوڑوں کی باعزت رخصتی عمل میں لائی گئی۔ محکمہ سوشل ویلفیئر کے تحت تین مرحلوں پر مشتمل پروگرام میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کے مطابق فیز ون میں 25، فیز ٹو میں 23 اور فیز تھری میں اکتوبر کے دوران 18 اجتماعی شادیوں کی تقریبات کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ ڈی جی خان میں سب سے زیادہ 204 جوڑوں کی شادیاں کروائی گئیں۔ بھکر اور مظفرگڑھ میں 200، 200 جوڑوں کی باعزت رخصتی عمل میں لائی گئی۔ جھنگ میں 169، خانیوال میں 139، گوجرانوالہ میں 163، اوکاڑہ میں 149 اور لاہور میں بھی 169 جوڑوں کے نکاح کروائے گئے۔ ملتان میں 148 شادیوں کے ساتھ جنوبی پنجاب میں پروگرام کو زبردست پذیرائی ملی۔ سہیل شوکت بٹ نے بتایا کہ تمام تقریبات میں حکومت پنجاب کی سرپرستی میں 2 لاکھ روپے کے سلامی کارڈ، عروسی جوڑے اور شادی کا مکمل انتظام کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھی رانی پروگرام والدین کے مالی بوجھ کو کم کرنے والا ایک تاریخی فلاحی اقدام ہے، جس نے عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بیٹیوں کے سر پر دستِ شفقت رکھ کر ثابت کیا ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں دھی رانیوں کی سرپرست ہیں۔