گورنر پنجاب کسان بورڈ کے دفتر پہنچ گئے، کسانوں کے وفد کی ملاقات
11-02-2025
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان پنجاب کسان بورڈ کے دفتر پہنچ گئے،کسانوں کے وفد نے ملاقات کی۔
گورنر سردار سلیم حیدر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں کسانوں کو گندم کی پوری پوری قیمت ادا کی، موجودہ حکومت بھی کسانوں کے مسائل سمجھتے ہوئے گندم کی پوری پوری قیمت ادا کرے۔ سردار سلیم حیدر نے کہا کہ سیلاب سے کسانوں کی فصلیں تباہ ہوگئیں، کسان مالی طور پر مشکلات میں مبتلا ہوچکے ہیں ایسے میں حکومت کو کسانوں کا ساتھ دینا چاہئے، پیپلز پارٹی نے تگ و دو کر کے کسانوں اور سیلاب زدگان کو بجلی کے بلوں میں ایک ماہ کا ریلیف دلوایا، پیپلز پارٹی کسانوں، مزدوروں اور محنت کش طبقے کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں زراعت کا اہم کردار ہے، کسان اپنا خون پسینہ بہا کر ہمیں گندم مہیا کرتے ہیں، کسانوں کے مسائل سمجھتا ہوں ان کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں جدید مشینری کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، زرعی شعبے کی پیداوار بڑھانے کے لئے زرعی اجناس کے بیج کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ سردار سلیم حیدر نے کہا کہ کسانوں کوگندم کی فروخت کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت کی اولین ترجیح ملک میں معاشی استحکام لے کر آنا ہے،ملکی ترقی میں روڑے اٹکانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، موجودہ سیاسی قیادت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دنیا میں پاکستان کا اعتماد دوبارہ بحال کیا۔