انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 اشتہاریوں سمیت 3 ملزمان گرفتار

11-01-2025

(لاہور نیوز) ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 اشتہاریوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائیاں ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ  سرکل لاہور کی جانب سے کی گئیں۔ گرفتار ملزمان میں زوہیب مقبول ،سیف اللہ اور کاشف محمود شامل ہیں۔ ملزمان کو چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران لاہور، فیصل آباد اور لیہ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم زوہیب مقبول ایف آئی اے لاہور کوعرصہ دراز سے 2 مقدمات میں مطلوب تھا، ملزم نے شہری کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے، ملزم نادرا میں ملازم تھا، ملزم نے افغان نیشنل کا غیر قانونی طور پر ڈیٹا پراسس کیا تھا، جس پر نوکری سے برخاست کر دیا گیا تھا۔ اشتہاری ملزم سیف اللہ نے شہری کو قطر کا ورک ویزے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہڑپ کیے۔ گرفتار ملزم کاشف محمود شہری کو سعودی عرب ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہڑپ کر گیا۔ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے تھے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔