لاہور: ٹی ایل پی پر پابندی لگنا اچھی بات ہے، فواد چوہدری
10-31-2025
(لاہور نیوز) فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی پر پابندی لگنا اچھی بات ہے جبکہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ نابالغ ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کل پھر وزیر اعلیٰ کے پی کو جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی، سہیل آفریدی کل چوتھی مرتبہ جیل کے باہر آئے مگر ملاقات نہیں کرنے دی گئی یہ انکی تضحیک ہے، عدالتیں اپنے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کروا رہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ نا بالغ ہے، سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی کی رہائی میں کرادر ادا کر سکتے ہیں، سہیل آفریدی کوٹ لکھپت جیل میں شاہ محمود قریشی سمیت دیگر قید رہنماؤں سے ملاقات کریں، انہیں ایسے لوگوں سے بات کرنی چاہیے تو ٹمپریچر کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی پر پابندی لگنا اچھی بات ہے یہ پرتشدد گروہ ہے، ان پر پابندی لگانا اچھی بات ہے۔ افسوس ہے ٹی ایل پی کے خلاف سپریم کورٹ کے خلاف ریفرنس کیوں فائل نہیں کیا گیا۔ قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل کے روبرو سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی، جس میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی، فواد چوہدری اور اسد عمر پیش ہوئے، عدالت نے اعظم سواتی اور اسد عمر کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر دلائل طلب کر لئے ہیں۔