ٹیوٹا کے فائر پروٹیکشن ٹیکنیشنز کے بیرون ملک تربیتی پروگرام کا آغاز
10-31-2025
(ویب ڈیسک) ٹیوٹا کے 100 سے زائد فائر الارم اور فائر پروٹیکشن ٹیکنیشنز کو بیرونِ ملک بھجوانے کیلئے تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ایس ڈی جی اختر عباس بھروانہ، ڈی جی عامر عزیز اور اے ڈی جی معاذ سلیم بھی موجود تھے۔ طلبہ کو تربیت براہِ راست ایمپلائرز کے نمائندے فراہم کریں گے، چئیرمین ٹیوٹا نے کہا کہ یہ اقدام طلبہ کو بیرونِ ملک روزگار فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ محمد ساجد کھوکھر کے مطابق طلبہ دو ماہ کی تربیت مکمل کرنے کے بعد سعودی عرب میں ملازمت کریں گے جہاں وہ ماہانہ 2000 سے 2200 ریال کما سکیں گے۔ چئیرمین ٹیوٹا نے مزید کہا کہ تربیت فیلڈ میں فائر الارم ٹیکنیشن اور فائر پروٹیکشن ٹیکنیشن کے عملی کام کے حوالے سے دی جائے گی تاکہ طلبہ کو پیشہ ورانہ مہارت حاصل ہو اور وہ بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کر سکیں۔