پنجاب حکومت کا 25 بڑے منصوبے جلد شروع کرنےکا فیصلہ

10-31-2025

(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے 25 بڑے ترقیاتی منصوبے جلد شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ان منصوبوں پر کام کی مجموعی لاگت 88.65 ارب روپے آئے گی اور ان پر جلد ہی کام کا آغاز ہو گا، منصوبوں میں انڈر پاسز، فلائی اوورز کی تعمیر، شاہراہوں کی توسیع اور سنگل سے دو رویہ شاہراہ بنانے کے منصوبے شامل ہیں۔ وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر کو 25 منصوبوں کے حوالے سے پیشرفت کی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران  نے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ لاہور میں 2.24 ارب روپے کی لاگت سے برکی روڑ کو دو رویہ کیا جائے گا، کشمیری بازار کی توسیع، انڈر پاسز اور فلائی اوورز کی تعمیر بھی منصوبوں میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ شیخوپورہ تا فاروق آباد روڈ کو 6.94 ارب روپے کی لاگت سے دو رویہ بنایا جائے گا، انہوں نے تمام متعلقہ عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تعمیر و ترقی کا سفر جاری ہے اور یہ منصوبے صوبے میں بنیادی ڈھانچے اور مواصلاتی نظام کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔