پاکستانی بچوں کے ہنر اور تعلیم پر 500 ارب بھی خرچ کرنا پڑے تو کریں گے؛ وزیراعظم
10-30-2025
(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی بچوں کے ہنر اور تعلیم پر 500 ارب بھی خرچ کرنا پڑے تو کریں گے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم 2025 کا افتتاح ہوا، افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 2011 میں لیپ ٹاپ پروگرام شروع کیا تھا، اب تک 40 سے 50 ارب خرچ ہوچکے ہوں گے۔ مگر اپنی قوم کے بچوں کے ہنر اور تعلیم کے لیے 50 ارب کیا، 500 ارب بھی خرچ کرنے پڑے تو کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہر سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ پورے ملک میں میرٹ پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ رواں برس اس پروگرام میں تاخیر کی وجہ لیپ ٹاپ بیگ پر لوگو تھا۔ بیگ پر اس سے قبل شہباز پاکستان کا لوگو تھا جو ذاتی تشہیر کے مترادف تھا، اس لیے یہ لوگو ہٹوا کر لیپ ٹاپ کے بیگ پر ان بچوں کا لوگو لگوایا۔ سعودی عرب میں اے آئی ٹیکنالوجی پر اربوں ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ سعودی ولی عہد نے اربوں ڈالر کا روڈ میپ دکھایا اور جب میں نے ان سے کہا کہ ہمارے پاس تیل ہے اور نہ ہی اتنے وسائل تو انہوں نے پاکستان کے بچوں کو فری ٹریننگ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ افتتاحی تقریب میں شریک نوجوانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے لیپ ٹاپ اسکیم کو نوجوانوں کے مستقبل پر بہترین سرمایہ کاری قرار دیا۔