سموگ کی شدت میں اضافہ، تعلیمی اداروں کی ممکنہ بندش زیرغور

10-30-2025

(ویب ڈیسک) سموگ الرٹ کے بعد پنجاب میں تعلیمی اداروں کی ممکنہ بندش کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

صوبے کے مختلف شہروں خصوصاً لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھنے کے بعد محکمہ موسمیات  نے تشویشناک الرٹ جاری کیا ہے، محکمہ کا کہنا ہے کہ خشک موسم اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث آئندہ دنوں میں سموگ کی شدت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے جس کے اثرات تعلیمی سرگرمیوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ اس سال محکمہ تعلیم اور حکومتِ پنجاب نے صورتحال پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے، تاہم سکول بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، ذرائع کے مطابق اگر سموگ کی شدت میں اضافہ جاری رہا تو ابتدائی طور پر پرائمری سطح کے سکولوں کی بندش کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے تاکہ بچوں کی صحت کو محفوظ رکھا جا سکے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں فضائی آلودگی کی سطح مزید بڑھنے کا امکان ہے، خصوصاً مشرقی پنجاب کے شہروں میں فضا مزید مضرِ صحت ہو سکتی ہے۔