فضائی آلودگی: شہریوں میں سانس اور جلد کی بیماریاں بڑھ گئیں
10-30-2025
(ویب ڈیسک) موسمی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث سانس اور جلد کے امراض میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے لگا ہے۔
معروف ماہرِ طب پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہو چکا ہے، جس کے باعث شہریوں کی صحت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ پروفیسر جاوید اکرم نے بتایا کہ بزرگ افراد اور بچے فضائی آلودگی سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں جبکہ پہلے سے بیمار افراد کے لیے یہ آلودگی انتہائی مہلک ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری کھلی فضا میں نکلتے وقت لازمی ماسک استعمال کریں اور آلودگی کے منفی اثرات سے بچنے کے لیے پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ بوڑھے اور بیمار افراد کو نمونیا سے بچاؤ کی ویکسین ضرور لگوانی چاہیے تاکہ موسمی بیماریوں کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ پنجاب میں سموگ کی شدت کے باعث فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور ملتان میں فضا انتہائی مضر صحت ہوگئی، لاہور بدستور دنیا کے آلود شہروں میں سرفہرست رہا، ایئر کوالٹی انڈیکس485 ریکارڈ کیا گیا ہے۔