محکمہ ماحولیات کا نائٹ آپریشن، آلودگی پھیلانے والے دو صنعتی یونٹس سیل
10-30-2025
(ویب ڈیسک) ماحولیاتی آلودگی کے خلاف محکمہ ماحولیات کی جانب سے رات گئے کی جانے والی کارروائیوں میں آلودگی پھیلانے والے دو صنعتی یونٹس کو سیل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ماحولیات کی خصوصی ٹیم نے محمود بوٹی رنگ روڈ پر واقع ایم/ایس بلال فاؤنڈری کا معائنہ کیا، جہاں اخراج کنٹرول سسٹم کی غیر موجودگی اور دھوئیں کے اخراج کی نشاندہی ہوئی۔ ماحولیاتی قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر فاؤنڈری کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا، اسی دوران فیروزپور روڈ پر پروین ٹھَی کے مقام پر واقع رمضان پوٹری بھٹی کو بھی غیر معیاری ایندھن کے استعمال اور آلودگی کنٹرول نظام کی عدم موجودگی پر مسمار کر دیا گیا۔ ای پی اے لاہور کے مطابق نائٹ سکواڈ کی کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی تاکہ سموگ کے موسم میں فضائی آلودگی کو مؤثر طور پر قابو کیا جا سکے اور شہریوں کو صاف فضا فراہم کی جا سکے۔