نارکوٹکس فورس کی کارروائی: ملزمان گرفتار، منشیات و دیگر سامان برآمد
10-29-2025
(لاہور نیوز) پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے لاہور اور عارف والا میں کارروائیوں کے دوران منشیات کے دو ڈیلر گرفتار کر کے بھاری مالیت کی منشیات اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔
ترجمان کے مطابق بیدیاں روڈ لاہور سے ڈرونز کے ذریعے منشیات سمگل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا، ملزم سے اڑھائی کلو ہیروئن، ایک کلو افیون، 4 پستول اور رائفل برآمد ہوئی، اس کے علاوہ 5 ڈرونز، 6 کنٹرولرز، 15 بیٹریاں اور 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ عارفوالا آپریشن میں بھی منشیات کا ایک ڈیلر گرفتار کیا گیا ہے، ملزم سے 14 کلو چرس، 2 ڈیجیٹل ترازو اور ایک پستول برآمد ہوا، حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار منشیات فروشوں کی نشاندہی پر مزید کارروائیاں کی جائیں گی، پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس منشیات کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔