لاہور رنگ روڈ پر ٹریفک کی نگرانی کیلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام کا فیصلہ
10-29-2025
(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے لاہور رنگ روڈ پر ٹریفک کی نگرانی اور مؤثر انتظام کیلئے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔
منصوبے کی منظوری صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے دی، اُنہوں نے اس حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت بھی کی، اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، چیئرمین پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی فیصل فرید اور دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں منصوبے کے فنی اور انتظامی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر رنگ روڈ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں قائم کیا جائے گا اور اس منصوبے پر 871 ملین روپے لاگت آئے گی، منصوبے کو 4 ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں جدید ترین مانیٹرنگ ٹیکنالوجی نصب کی جائے گی جس میں 42 بڑی سکرینیں اور 20 تجزیاتی سکرینیں شامل ہوں گی، اس جدید نظام کے ذریعے لاہور رنگ روڈ پر سفر کرنے والی روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ گاڑیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ منصوبے کے تحت نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ کو مانیٹر کیا جائے گا بلکہ گاڑیوں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں جیسے اوور سپیڈنگ، لین ڈسپلن، سگنل توڑنے اور غلط سمت میں سفر کرنے کے واقعات کو بھی ریکارڈ کیا جائے گا، اس مقصد کیلئے ہائی ریزولوشن کیمروں، خودکار نمبر پلیٹ شناختی نظام اور جدید ڈیٹا اینالیسس سافٹ ویئرز کا استعمال کیا جائے گا۔