کالعدم ٹی ایل پی کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن، 1390 کارکن گرفتار

10-28-2025

(لاہور نیوز) کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران متحرک 1390 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتاریاں لاہور سمیت مضافاتی اضلاع سے عمل میں لائی گئیں، پولیس  نے جدید ٹیکنالوجی، خصوصاً موبائل فون لوکیٹرز اور ڈیجیٹل ٹریکنگ سسٹمز کے ذریعے تنظیم کے سرگرم کارکنوں کی نشاندہی اور گرفتاری ممکن بنائی۔ پولیس حکام کے مطابق کئی کارکن گرفتاریوں سے بچنے کے لئے روپوش ہو چکے ہیں، جن کی تلاش کے لئے چھاپے جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے سوشل میڈیا مانیٹرنگ اور انٹیلی جنس رپورٹس کی مدد سے مزید مشتبہ افراد کی نشاندہی کر رہے ہیں، جبکہ ممکنہ احتجاج یا امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی اضافی نفری کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔