پنجاب پولیس کا ماحولیاتی تحفظ کیلئے کریک ڈاؤن، 14 مقدمات درج

10-28-2025

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے سموگ اور آلودگی کی روک تھام کیلئے صوبہ بھر میں کارروائیاں تیز کر دیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کریک ڈاؤن میں 14 مقدمات درج اور متعدد قانون شکن گرفتار کئے گئے۔ 115 افراد کو 10 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ 53 افراد کو وارننگ جاری کی گئی، کارروائیوں کے دوران فصلوں کی باقیات جلانے کی 13، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 86، صنعتی سرگرمیوں کی 5 اور اینٹوں کے بھٹوں کی 10 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ رواں سال کے دوران مجموعی طور پر 1642 مقدمات درج اور 1571 افراد گرفتار کئے گئے، 60 ہزار سے زائد افراد پر 15 کروڑ روپے سے زیادہ جرمانے عائد کئے گئے جبکہ 15 ہزار 806 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے شاہراہوں، صنعتی علاقوں اور دیگر مقامات پر کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔