لاہور اسٹیشن کے قلی ٹھیکیدار سسٹم سے آزاد

10-27-2025

(ویب ڈیسک) ریلوے ہیڈکوارٹر نے 25 سال بعد قلیوں کو ٹھیکیداری نظام سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا۔

اب لاہور اسٹیشن کے قلی براہِ راست انتظامیہ کے ماتحت کام کریں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق قلیوں کو اپنی کمائی سے کسی ٹھیکیدار کو کمیشن نہیں دینا پڑے گا اور وہ اسٹیشن منیجر کی نگرانی میں کام انجام دیں گے، لاہور ریلوے ڈویژن  نے اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ قواعد کے تحت قلی حضرات مسافروں سے فی پھیرا 70 روپے وصول کریں گے، جبکہ ایک پھیرا میں زیادہ سے زیادہ 40 کلوگرام تک سامان اٹھانے کے پابند ہوں گے۔ یہ اقدام قلیوں کے معاشی استحکام اور ریلوے سسٹم میں شفافیت کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔