سمگل شدہ ادویات کے خلاف کارروائیاں، غیر رجسٹرڈ آلات و ادویات پکڑی گئیں

10-25-2025

(لاہور نیوز)صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب کی ہدایت پر پنجاب ڈرگ کنٹرول ونگ نے غیر رجسٹرڈ اور سمگل شدہ ادویات کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی ہے۔

ڈرگ ونگ کی ٹیم  نے علامہ اقبال ٹاؤن کریم بلاک میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور آنکھوں کی بیماریوں میں استعمال ہونے والے غیر قانونی آلات اور ادویات کی بڑی کھیپ کو قبضے میں  لے لیا۔ چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب فیصل محمود کے مطابق پکڑی جانے والی کھیپ میں جعلی آلات، لینز اور ادویات شامل ہیں، جو آنکھوں کے آپریشن میں استعمال کی جاتی تھیں، ان جعلی اور غیر رجسٹرڈ مصنوعات سے آنکھوں کی صحت پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے تھے اور ممکنہ طور پر مریضوں کی آنکھوں کے ضائع ہونے کا خدشہ بھی تھا۔ فیصل محمود نے بتایا کہ یہ غیر قانونی مصنوعات ایک گھر میں بیٹھ کر جعلی پیکنگ میں تیار کی جا رہی تھیں اور پھر انہیں مختلف ہسپتالوں اور فارمیسز پر سپلائی کیا جا رہا تھا، پکڑی گئی مصنوعات کی مالیت تقریباً 30 لاکھ روپے کے قریب بنتی ہے۔ کارروائی کے دوران تمام جعلی اور غیر رجسٹرڈ سٹاک کو قبضے میں لے لیا گیا اور متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کے لئے استغاثہ دے دیا گیا ہے، فیصل محمود نے مزید کہا کہ غیر رجسٹرڈ اور سمگل شدہ ادویات کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔