لاہورمیں فضائی آلودگی کی شرح خطرناک حد تک بلند، دنیا بھر میں پھر سرفہرست
10-25-2025
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کی شرح خطرناک سطح پر پہنچ گئی۔
شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 412 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لوئر مال میں آلودگی کی شرح 680، علامہ اقبال ٹاؤن میں 577، سید مراتب علی روڈ پر 543، شادمان میں 507، پنجاب یونیورسٹی کے اطراف میں 506 جبکہ شالیمار میں 495 ریکارڈ کی گئی۔ ایف سی کالج کا ایئر کوالٹی انڈیکس520 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرینِ ماحولیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح اور شام کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق لاہور کی فضا میں ذراتی آلودگی (PM2.5) کی مقدار عالمی معیار سے کئی گنا زیادہ ہے، جو انسانی صحت کے لیے نہایت نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔