پنجاب حکومت کا صوبے کی جامعات کی درجہ بندی کا اعلان
10-24-2025
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے صوبے کی جامعات کی درجہ بندی متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کی 60 سے زائد سرکاری و نجی جامعات میں سے بہترین دس جامعات کا تعین کارکردگی، ریسرچ آؤٹ پٹ، فیکلٹی اور سٹوڈنٹ سروسز کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے 50 ملین روپے کی لاگت سے ایک جدید ریٹنگ میکنزم تیار کیا جائے گا، منصوبے کا پی سی ون مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ابتدائی منظوری کا عمل جاری ہے، جامعات کی درجہ بندی ایک مستقل فیچر ہو گی جو ہر سال کارکردگی کی بنیاد پر اپڈیٹ کی جائے گی۔ پنجاب حکومت کے مطابق درجہ بندی کے نتائج کی بنیاد پر جامعات کے لئے فنڈنگ، پالیسی سازی اور کارکردگی کے اہداف طے کئے جائیں گے، اعلیٰ تعلیم کے ماہرین نے اس فیصلے کو تعلیمی شعبے میں شفافیت اور مقابلے کے فروغ کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔