سموگ کا روگ پھیلانے والی 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کا چالان، 5500 بند
10-23-2025
(لاہور نیوز) سموگ کا روگ پھیلانے والی گاڑیوں اور ٹرانسپوٹرز کے خلاف کریک ڈاون،8 ہزار سے زائد گاڑیوں کا چالان جبکہ 5500 سے زائد گاڑیاں بند کر دی گئیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے دھواں چھوڑتی اور بغیر فٹنس سرٹیفیکٹ گاڑیوں کے خلاف غیر معمولی کارروائیوں پر رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک لاہور میں تقریباً 90 ہزار سے زائد گاڑیوں کا وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم سٹیشنز سے معائنہ کیا گیا۔ معیار پر پورا اترنے والی 55 ہزار گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کر دیے گئے۔ دھواں چھوڑنے والی تقریبا 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کا چالان جبکہ 5500 سے زائد گاڑیاں بند کر دی گئیں۔ بغیر فٹنس سرٹیفیکٹ کے چلنے والی 3500 سے زائد گاڑیاں بھی بند کر دی گئیں۔ اوورلوڈنگ میں ملوث 14000 سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 8 کروڑ 50 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ مختلف خلاف ورزیوں پر 2200 گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج ، 1800 ڈرائیورز و گاڑی مالکان کو گرفتار کیا گیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے 24 گھنٹے دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھواں چھوڑتی اور بغیر فٹنس سرٹیفیکٹ کے چلنے والے گاڑیوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، سموگ کے تدارک کیلئے ضروری ہے کہ مالکان اپنی گاڑیوں کی بر وقت مرمت کروائیں۔ بلال اکبر خان نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا،سموگ کا روگ جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جاتا رہے گا۔