کمسن بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مجرم کی سزائے موت کیخلاف اپیل خارج

10-23-2025

لاہور (محمد اشفاق) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے 6 سالہ بچی سے زیادتی کرکے قتل کرنے والے مجرم قیصر کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کر دی۔

چیف جسٹس مس عالیہ نیلم  نے زیادتی کا شکار ہونے والی کمسن بچیوں سے متعلق بڑا فیصلہ جاری کر دیا، چیف جسٹس مس عالیہ نیلم اور جسٹس عبہر گل پر مشتمل بینچ  نے 20 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، فیصلہ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے تحریر کی۔ فیصلے کے مطابق چھ سال کی عمر میں بچیاں اپنی گڑیا کے ساتھ کھیلتی ہیں، مجرم قیصر کی عمر 32 سال تھی وہ گھناؤنے جرم کے انجام سے واقف تھا، کمسن بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر دینا، یہ جرم عام لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیتا ہے، تھانہ نارووال پولیس 2018 میں کمسن بچی سے زیادتی کے بعد قتل کا مقدمہ درج کرتی ہے، ایسے گھناؤنے جرائم معاشرے کا ضمیر نہیں بلکہ عدالت کے ضمیر کو بھی جھنجھوڑتے ہیں۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم  نے واضح کر دیا کہ بچیوں سے زیادتی کے مجرم رحم کے مستحق نہیں ہو سکتے۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ بچی کے باپ کے مطابق وہ مجرم کے گھر سے بچی کو پلاس لینے بھیجتا ہے، بچی کے باپ کے مطابق کافی دیر بعد وہ بچی کو ڈھونڈنا شروع کرتے ہیں، بچی کی لاش مجرم کے گھر کے کمرے سے برآمد ہوتی ہے، مجرم کا ڈی این اے اور فرانزک رپورٹ میچ کر گئیں۔