پنجاب حکومت کا ایک اور شہر میں 28 الیکٹرک بسوں کے منصوبے کا آغاز

10-23-2025

(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نےایک اور شہر میں 28 الیکٹرک بسوں کے منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

گجرات میں پنجاب حکومت کے تحت الیکٹرک بس سروس کے منصوبے پر پیش رفت جاری ہے،اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر نے ضلع میں مجوزہ روٹس اور بس سٹاپس کے مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا،ان کے ہمراہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری صدام حسین، میونسپل کمیٹی جلالپور جٹاں کے چیف آفیسر مشرف بیگ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ یہ منصوبہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شروع کیا جا رہا ہے اور دسمبر 2025 میں اس کا باضابطہ آغاز متوقع ہے۔ معائنے کے دوران وفد نے ان مقامات کا جائزہ لیا، جہاں الیکٹرک بس سروس کے لیے ضروری انفراسٹرکچر، بجلی کے سٹیشنز، اور مسافروں کے لیے سہولیات نصب کی جائیں گی۔ ابتدائی مرحلے میں مجموعی طور پر 28 الیکٹرک بسیں متعارف کرائی جائیں گی۔ اسسٹنٹ کمشنر بلال زبیر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ بس سٹاپس کی تعمیر اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے کام میں تیزی لائی جائے تاکہ منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سروس گجرات کے شہریوں کو جدید، صاف ستھری اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گی۔  اُن کا کہنا تھا کہ منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ رواں سال کے اختتام سے قبل بس سروس کا آغاز ہو جائے گا۔