مارکیٹ میں پھل مہنگے، ضلعی انتظامیہ بے بس

10-21-2025

(لاہور نیوز) شہر میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے اور اب پھل بھی عام شہری کی پہنچ سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔

سرکاری ریٹ لسٹ کے باوجود لاہور کی مارکیٹوں میں پھل مہنگے داموں فروخت کئے جا رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ سرکاری نرخوں کے برعکس متعدد پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ تازہ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق تین اہم پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم مارکیٹ میں یہ پھل سرکاری قیمتوں سے کہیں زیادہ مہنگے بیچے جا رہے ہیں۔ سیب کالاکولو کی سرکاری قیمت 320 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 400 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، کیلے کی درجہ اول قیمت 150 روپے فی درجن مقرر ہے، جبکہ یہ 180 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں، درجہ دوم کے کیلے 100 روپے فی درجن کی سرکاری قیمت کے بجائے 130 روپے فی درجن میں فروخت کئے جا رہے ہیں۔ اسی طرح مسمی کی سرکاری قیمت 165 روپے فی درجن ہے، مگر مارکیٹ میں یہ 280 روپے فی درجن تک جا پہنچی ہے، انگور سندرخانی 500 روپے فی کلو کی سرکاری قیمت کے برعکس 650 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں، جاپانی پھل 160 کے بجائے 250 روپے، اور پپیتا 250 کے بجائے 350 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ ادھر شکرقندی کی قیمت بھی حیران کن طور پر 100 روپے کے بجائے 250 روپے فی کلو ہو چکی ہے، ناشپاتی 275 کے بجائے 350 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ ایرانی کھجور 515 روپے کی بجائے 600 روپے فی کلو میں مارکیٹ میں دستیاب ہے۔