مارکیٹوں میں اشیائے خورونوش کی نئی ڈیزائن شدہ پرائس لسٹیں متعارف کرانے کا فیصلہ
10-19-2025
(ویب ڈیسک) شہر لاہور کی تمام مارکیٹوں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں شفافیت اور عوامی ریلیف کو یقینی بنانے کے لیے مارکیٹوں میں اشیاء کی نئی ڈیزائن شدہ پرائس لسٹیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد عوامی استحصال کو روکنا اور سرکاری نرخوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ دکانداروں کو واضح اور نمایاں سرکاری ریٹ لسٹیں آویزاں کرنے کا پابند بنایا جائے گا تاکہ صارفین کو قیمتوں کے حوالے سے کسی ابہام کا سامنا نہ ہو۔ نئی ڈیزائن شدہ پرائس لسٹوں میں عام استعمال کی اشیاء کے نرخ نمایاں اور واضح انداز میں درج ہوں گے۔ منڈیوں کے داخلی راستوں پر الیکٹرک بورڈز نصب کیے جا رہے ہیں، جن پر روزانہ کی بنیاد پر اشیائے ضروریہ کے سرکاری نرخ درج کیے جائیں گے۔ مارکیٹوں اور منڈیوں میں عوامی آگاہی مہم کے تحت نرخوں کی اپڈیٹ لسٹیں مختلف مقامات پر آویزاں کی جائیں گی تاکہ صارفین کو خریداری میں سہولت حاصل ہو۔ سرکاری نرخوں سے انحراف کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔