پنجاب کے سکولوں میں سکیورٹی اقدامات سخت کرنے کی ہدایات
10-17-2025
(لاہور نیوز) محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی سکولوں میں سکیورٹی اقدامات سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اس اقدام کا مقصد طلبہ، اساتذہ اور سکول سٹاف کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنا اور تعلیمی اداروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام سکولز فوری طور پر حفاظتی اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور سکیورٹی پلان کو مؤثر انداز میں نافذ کریں، سی سی ٹی وی کیمرے مکمل طور پر فعال اور مؤثر طریقے سے نگرانی کیلئے استعمال کئے جائیں۔ اس کے علاوہ میٹل ڈیٹیکٹرز کو درست انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ ممنوعہ اشیا کی سکول میں موجودگی روکی جا سکے، طلبہ کے بیگز کی روزانہ چیکنگ کیلئے جامع اور مؤثر نظام تشکیل دیا جائے، طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کو سکیورٹی اور سیفٹی کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے اور اس حوالے سے باقاعدہ تربیت دی جائے، کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی اطلاع فوری طور پر سکول انتظامیہ کو دی جائے۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ سکولوں میں آتشی اسلحہ لانے پر مکمل پابندی عائد ہے، جبکہ نوکیلے آلات جیسے چھریاں، قینچیاں اور دیگر خطرناک اشیا لانے پر بھی سخت پابندی ہو گی۔ محکمہ تعلیم پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد سے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے گی اور والدین کو اپنے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے اعتماد حاصل ہو گا۔