بھارتی رویہ نامناسب، اسے ایشیا کپ کی ٹرافی دینی نہیں چاہئے: جاوید میانداد

10-17-2025

(لاہور نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ بھارت کا جس طرح کا رویہ ہے ایشیا کپ کی ٹرافی دینی ہی نہیں چاہئے۔

قومی کرکٹ ٹیم  کے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ ایشیا کپ میں جو ہوا اس کی وجہ مودی ہے، مودی کو ہدایت کی ضرورت ہے۔ جاوید میانداد کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ میں ان لوگوں کو لانا چاہئے جن کو کرکٹ کی معلومات ہوں۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم  نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سربراہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس وجہ سے ایشین ایونٹ کی اختتامی تقریب تاخیر کا شکار ہوئی، بھارتی ٹیم کی ضد برقرار رہنے سے گرین ٹیم ٹرافی سے محروم ہو گئی تھی۔ بعد ازاں 30 ستمبر کو ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی) کے اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ مسلسل ٹرافی لینے کے لئے اصرار کرتا رہا، جس پر محسن نقوی نے واضح کیا اب اگر ٹرافی چاہئے تو سوریا کمار یادیو ایشین کرکٹ کونسل کے دفتر آکر مجھ سے  لے لیں۔ اجلاس کے دوران گرما گرمی زیادہ بڑھی تو اے سی سی، پی سی بی ، بی سی سی آئی ، سری لنکن بورڈ اور افغان بورڈ کو معاملہ حل کرنے کا مشترکہ ٹاسک دے دیا گیا۔ اجلاس میں بھارتی ٹیم کی جانب سے نو ہینڈ شیک اور سوریا کمار یادیو کے سیاسی بیانات کی مذمت کی گئی تھی۔