ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 85 املاک سربمہر

10-16-2025

(لاہور نیوز) ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی خصوصی ہدایت پر ایل ڈی اے کا ٹاؤن پلاننگ ونگ غیرقانونی تعمیرات اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف متحرک ہو گیا۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کنٹرولڈ ایریاز میں کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں 85 املاک سربمہر کر دیں۔ ترجمان کے مطابق آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں کیا گیا، کارروائیاں گلبرگ، نیو مسلم ٹاؤن، سمن آباد، گلشن راوی، پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اور مصطفی ٹاؤن کے علاقوں میں کی گئیں۔ گلبرگ میں غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 17 املاک سیل کی گئیں، نیو مسلم ٹاؤن، سمن آباد اور گلشن راوی میں 28 املاک کو سربمہر کیا گیا، مصطفی ٹاؤن میں ریکوری آپریشن کے دوران 15 املاک کو بند کیا گیا۔ نجی سکولز، کلینکس، کالجز، فارمیسیاں، بیوٹی سیلونز، ہارڈویئر و پینٹ شاپس، الیکٹرک سٹورز، فوڈ پوائنٹس، دفاتر اور دیگر کمرشل استعمال میں لائی جانے والی عمارتیں بھی شامل ہیں۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا کہنا ہے کہ غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور کمرشل فیس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔